لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (LCCI) میں پاکستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سمٹ (PITS) کے حوالے سے اہم سیشن کا انعقاد کیا گیا،

جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی اور بین الاقوامی تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سیشن سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمان سیگل نے خطاب کیا،

جبکہ نائب صدر خرم لودھی، ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ڈاکٹر طلعت پاشا، ریکٹر ایف سی کالج یونیورسٹی اور منگولیا میں سابق امریکی سفیر ڈاکٹر جوناتھن ایڈلٹن اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی سارہ رشید سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں ایگزیکٹو کمیٹی ممبر عبدالمجید، کنوینر اسٹینڈنگ کمیٹی آن گلوبل انویسٹمنٹ اینڈ فسیلیٹیشن سمیع اللہ سمی، چیئرمین بو عبداللہ انویسٹمنٹ گروپ ڈاکٹر بو عبداللہ، سہیل نور، امیل گلزار، طارق عصمت، عریشہ منصور , رانا عامر محمود (کوآرڈینیٹر ٹو ڈی جی پیمرا) اور کاروباری برادری کے دیگر نمائندگان بھی شریک ہوئے
شرکاء نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے، غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرنے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مضبوط بنانے، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور عالمی تجارتی روابط کو وسعت دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ ایسے پلیٹ فارمز ملکی معیشت کے استحکام، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں