120

قائد ملت جعفریہ سید ساجد نقوی اورصدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی ملاقات

گلگت بلتستان میں آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی اور اسلامی تحریک پاکستان کے مابین انتخابی حلقوں میں مفاہمت پر اتفاق رائے ہوا ہے

جس کے لئے قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی صدر عبدالعلیم خان کے مابین ملاقات ہوئی ہے۔اجلاس میں دونوں جماعتوں کی طرف سے مرکزی و صوبائی رہنما بھی موجود تھے۔ اس ملاقات میں دونوں جماعتوں نے آئندہ ملاقاتوں کے ذریعے گلگت بلتستان میں باہمی مفاہمت کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی اور صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے اتحاد و اتفاق کی سیاست کو نا گزیر قرار دیا اور گلگت بلتستان کی موجودہ سیاسی اور ممکنہ انتخابی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں بہتری لانے کے لئے خاطر خواہ وسائل موجود ہیں،قدرتی حسن سے مالا مال اس علاقے کو پاکستان کا سوئٹزرلینڈ بنایا جا سکتا ہے۔اپنی گفتگو میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے عبدالعلیم خان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ مل بیٹھ کر گلگت بلتستان کے معاملات کو دیکھیں گے۔انہوں نے مشترکہ سیاسی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کے مابین بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی رہنماؤں شبیر علی میثمی،عارف حسین واحدی،زاہد علی اخون زادہ اورسید سکندر عباس ایڈووکیٹ شریک تھے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کی طرف سے میاں خالد محمود، رانا نذیر احمد خان اور محمد شعیب صدیقی نے بات چیت میں حصہ لیا۔
ملاقات کے فوری بعد دونوں جماعتوں کے درمیان گلگت بلتستان کے ابتدائی انتخابی امور پر با ضابطہ اجلاس ہوا جس میں اسلامی تحریک پاکستان کی طرف سے شبیر علی میثمی اور زاہد علی اخون زادہ جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کی طرف سے میاں خالد محمود اور رانا نذیر احمد خان نے حصہ لیا اور گلگت بلتستان کے 7جون کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے مختلف حلقوں کی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں