کراچی (ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو صبح الیکشن کی تاریخ کا اعلان کروادیں انکے گلے میں ہار ڈالیں گے، ن لیگ اور پی پی کبھی اتحادی نہیں تھے، پیپلزپارٹی کی معاشی ابتری اور انتخابی اصلاحات کی تجویز پر قومی حکومت بنانے پر اتفاق کیا، ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی نے بلاول بھٹو کے بیان پر درعمل دیتے کہا کہ لگتا ہے بلاول بھٹو کو ان کے پاپا نے نئی نوکری پر لگا دیا ہے، پیپلز پارٹی کے قیام سے آج تک کراچی، حیدرآباد نےپیپلزپارٹی کو ہمیشہ مستردکیا۔بلاول بھٹو کےکراچی،حیدرآباد کی میئرشپ سے متعلق بیان پردنیاہنس رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ الیکشن جنوری فروری میں نظر آرہے ہیں اسی حساب سے منصوبہ بندی کررہے ہیں، نواز شریف الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی اگلی فلائٹ سے واپس آجائیں گے،جنرل باجوہ کو توسیع دینے کا حتمی فیصلہ نواز شریف نے نہیں کیا تھا، توسیع کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے چار چھ سینئر لوگوں نے کیا تھا۔وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ ن لیگ کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نےکہا کہ ن لیگ نے آئین و قانون کی بالادستی یقینی بناتے ہوئے تین دفعہ اپنی حکومت گنوائی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کبھی اتحادی نہیں تھے، سولہ ماہ کیلئے قومی حکومت قائم ہوئی تھی ، ن لیگ تحریک عدم اعتماد کے فوری بعد الیکشن چاہتی تھی، پیپلز پارٹی کی معاشی ابتری اور انتخابی اصلاحات کی تجویز پر ہم نے حکومت بنانے پر اتفاق کیا۔ اس وقت دو جنرلز میں سے ایک جنرل توسیع کیلئے بارگیننگ کررہا تھا تو دوسرا جنرل آنے والے وقت میں خود کو قابل قبول بنانے کیلئے کوشش کررہا تھا۔ پیپلز پارٹی مشترکہ مفادات کونسل میٹنگ میں شامل تھی۔بلاول بھٹو صبح الیکشن کی تاریخ کا اعلان کروادیں ن لیگ سب سے پہلے ان کے گلے میں ہار ڈالے گی، الیکشن جنوری فروری میں نظر آرہے ہیں اسی حساب سے منصوبہ بندی کررہے ہیں، نواز شریف الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی اگلی فلائٹ سے واپس آجائیں گے۔
72