50

بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے- الطاف احمد بٹ

بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے- الطاف احمد بٹ
کشمیری سیاسی قیدیوں کو بھارت کے دور دراز علاقوں میں منتقل کر رہا ہے۔جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ

اسلام آباد( نمائندہ سدید) جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف احمد بٹ نے یہاں اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کشمیری سیاسی قیدیوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر سے بھارت کے دور دراز علاقوں میں منتقل کرنے کے بھارتی ظالمانہ اور غیر قانونی اقدام کے خلاف غم و غصے کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں مزید 150 کشمیری نظربندوں کو اتر پردیش، ہریانہ اور دہلی کی جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے، جبکہ بین الاقوامی قوانین مودی حکومت کو نظر بند ہونے والوں کو ان کی رہائش گاہوں اور خاندانوں سے دور جیلوں میں منتقل کرنے سے روکتے ہیں۔ لیکن مودی حکومت خاندانوں کو جذباتی اور مالی طور پر نقصان پہنچانے کے لیے ایسا کر رہی ہے۔جدوجہد آزادی کو شکست دینے کے واحد مقصد سے کشمیری سیاسی قیدیوں کو ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، حریت قیادت بشمول مسرت عالم بٹ، یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، ظفر اکبر بٹ، آسیہ اندرابی، ڈاکٹر قاسم فکتو، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ،نسرین، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر، الطاف فنتوش وغیرہ جیلوں میں بند ہیں۔چیئرمین جے کے ایس ایم الطاف احمد بٹ نے مزید کہا کہ جنوری 2022 سے جون 2022 تک بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں 5 کمسن لڑکوں سمیت 140 سے زائد افراد کو شہید کیا۔ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور دیگر جرائم میں ملوث بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں جعلی سرچ آپریشن کے دوران 854 نوجوانوں کو گرفتار اور 104 افراد کو زخمی کیا۔جبکہ آواز کو دبانے کے لیے بھارتی قابض افواج میڈیا اور صحافیوں کو بار بار ہراساں کرنا، اس کے علاوہ پانچ صحافیوں آصف سلطان، فہد شاہ، منان گلزار، سجاد گل اور عادل فاروق اور انسانی حقوق کے نامور محافظوں بشمول خرم پرویز اور محمد احسن انٹو کی غیر قانونی حراست انہیں روکنے کا ایک اور اقدام ہے۔ اوربھارتی قابض انتظامیہ کا اصل چہرہ بے نقاب کرتا ہے۔چیئرمین جموں کشمیر سالویشن موومنٹ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ تباہ کن سیلابوں سے تباہ ہونے والے ملک کے لیے دنیا کی فراخدلانہ مدد کے حصول کے لیے دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں اور موسمیاتی تبدیلی کے بحران سے نمٹنے کی فوری ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔انہوں نے عالمی حقوق کے اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارت پر دبا ڈالیں کہ وہ کشمیری سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، اور بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے فوجی انخلاکو یقینی بنائے اور استصواب رائے کا عمل شروع کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں