156

خیبرپختونخوا کا بجٹ عوام کی بجائے آپس میں شرینی کی طرح بانٹنے کی نذر ہو جاتا ہے: عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے برسٹر سیف کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے جتنا بجٹ صرف صحت اور تعلیم کے لیے مختص کیا ہے، اتنا تو خیبرپختونخوا حکومت کا مجموعی بجٹ بھی نہیں بنتا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، جو کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں ایک انقلابی قدم ہے۔ فیلڈ ہسپتال، کلینک آن ویلز اور مریم نواز ہیلتھ کلینکس جیسی سہولیات کامیابی سے عوام کی خدمت کر رہی ہیں۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے کینسر، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی جیسی مہنگی اور جان لیوا بیماریوں کی ادویات مریضوں کے گھروں تک پہنچا کر خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج خیبرپختونخوا سے ہزاروں مریض پنجاب کے ہسپتالوں میں علاج کروانے آ رہے ہیں، کیونکہ پنجاب کا صحت کا نظام قابلِ اعتماد ہے۔ پنجاب کے دروازے ہر صوبے کے عوام کے لیے کھلے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بیرسٹر سیف کی نوکری صرف پنجاب پر تنقید کرنا ہے، یہ خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی عوام کو نہیں بتاتے۔ 12 سال سے ایک ہی صوبے میں حکومت کے باوجود آپ آج بھی پنجاب کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا برسٹر سیف نے ڈیڑھ سال میں ایک مرتبہ بھی قوم کو اپنے جعلی “سلطان راہی” وزیراعلیٰ کی کارکردگی سے آگاہ کیا؟عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز آج عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں۔ پنجاب کا بجٹ صرف کاغذوں تک محدود نہیں، بلکہ میدانِ عمل میں اس کے نتائج نظر آ رہے ہیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ صرف آپس میں بانٹنے اور سیاسی فائدے کے لیے استعمال ہوتا ہے، جبکہ پنجاب کا ہر روپیہ عوام کی فلاح پر خرچ ہو رہا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں