168

فلسطین اور کشمیر میں لا کھوں معصوم بچے اسرائیل اور بھارت کی جارحیت کا شکار ہیں: مریم نوازشریف

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جارحیت کے شکار معصوم بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں لا کھوں معصوم بچے اسرائیل اور بھارت کی جارحیت کا شکار ہیں۔جب بچوں کی معصوم مسکراہٹیں آہوں اور سسکیوں میں بدل جائیں تو انسانیت کا سر جھک جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ غزہ میں عمارتوں کے ملبے تلے دبی ہزاروں ننھی لاشیں اسرائیلی جارحیت پر عالمی بے حسی کا نوحہ ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والی عمارتوں میں ملبہ ہی نہیں ہزاروں معصوم بچپن بھی دفن ہو گئے۔ کشمیر کی فضائیں اُن بچوں کی سسکیوں سے بوجھل ہیں جنہیں تا ابد خاموش کر دیا گیا۔ دنیا بھر کے جارحیت کے شکار بچوں کا المیہ انسانی تاریخ کا سیا ہ رخ ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بچے جنگوں میں ہی نہیں بلکہ حالت امن میں بھی بد قسمتی سے جارحیت کا شکار ہیں۔ پنجاب میں معصوم بچوں کو ہر قسم کے استحصال اور جارحیت سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں گے۔ پنجاب کی صوبائی کابینہ نے پاکستان میں پہلی بار ”چائلڈ پروٹیکشن پالیسی‘‘کی منظوری دی ہے۔پنجاب کا ہر ادارہ، ہر قانون اور ہر قدم بچوں کے حقوق، تحفظ اور فلاح کے لئے ہم آہنگ ہے۔ جو معاشرہ بچوں کو امن نہیں دے سکتا، وہ خود کبھی پائیدار امن نہیں پا سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں