327

لیسکو کی بجلی چوری کی خلاف مہم تیز تر ۔بجلی چوری پر قطعا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ

لاہور الیکڑک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ لیسکو ریجن سے بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کریں گے اور اس سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کے تدارک کے لئے قائم کی گئی ٹاسک فورس اور لیسکو کے فیلڈ افسران کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن جاری ہے ۔چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا تھا کہ بجلی چوروں کے خلاف تمام سرکلز بھرپور طریقے سے کارروائیاں کررہے ہیں۔ لیسکو چیف نے اس حوالے سے ایسٹرن سرکل کے ایس ای رشید احمد خان کی کارکردگی کو بھی سراہا ۔ ایس ای ایسٹرن سرکل رشید احمد خان اور ان کی ٹیم نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بسین، واہگہ، محمود بوٹی، مرل پار، بھگوان پورہ، میکلورڈ روڈ اور انار کلی کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا اور تقریباْ 2300کنکشنز چیک کئے جس میں سے خلاف ضابطہ 56کنکشنز کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواستیں متعلقہ تھانوں میں جمع کروائی گئیں جس میں سے اب تک 39 ایف آئی آرز رجسٹرڈ کی جاچکی ہیں جبکہ تین بجلی چوروں کو پولیس نے موقع پر ہی گرفتار بھی کرلیا ۔ ایس ای رشید خان کے مطابق تمام خلاف ضابطہ کنکشنز کو پانچ لاکھ چھتیس ہزا ر ڈیٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ جبکہ ڈیڈ ڈیفالٹر کی مد میں ڈیڑھ کروڑ روپے کی ریکوری بھی کی گئی ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان ، وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب اور سیکرٹری توانائی عرفان علی کی ہدایت پر تشکیل دی جانے والی ٹاسک فورس کی جانب سے لیسکو میں بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لئے لیسکو آپریشن اور سرویلنس کی ٹیموں کے ہمراہ انڈسٹریل، کمرشل، اور ذیادہ نقصانات والے گھریلو کنکشنز کے حامل بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جارہا ہے۔۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ ہم لیسکو سے بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لئے پوری طرح سے سرگرم عمل ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں