271

میئر کراچی میرے باس ہیں، مصطفیٰ کمال

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ اور سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر میرے باس ہیں اور میں 4 اضلاع کا باس ہوں، میئر کراچی 3 ماہ کے لیے میرے باس ہیں، سب کو ان کی عزت کرنی چاہیے۔

اصغر علی شاہ اسٹیڈیم کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے میئر وسیم اختر نے مجھے پروجیکٹ ڈائریکٹر (پی ڈی) بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بند کمرے میں بیٹھ کر کام نہیں کرنا، رات سے ہی 3افسران کو بلایا تھا مگر ان تمام لوگوں کو مئیر صاحب نے آنے سے منع کردیا ہے۔ سمجھ نہیں آتا کہ میئر نے آرڈر نکالنے کے بعد افسران کو آنے سے منع کیوں کیا۔

پی ایس پی کے سربراہ نے کہا کہ میئر بھی فون نہیں اٹھا رہے، میئر صاحب میرا فون اٹھانے کی عادت ڈالیں، میئر صاحب آپ کے جو مشغولات ہیں، رات میرےساتھ جاگنا پڑے گا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ جب سے آفر قبول کی ہے، ہزاروں لوگ ہم سے جڑ گئے ہیں، پروجیکٹ ڈائریکٹر چھوٹی چیز ہے، جان قربان کرنے کے لیے تیار ہوں۔

نوٹی فکیشن کے سوال کے جواب میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نوٹی فکیشن قانونی ہے یا نہیں، اس قانونی پیچیدگی میں کیوں پڑوں۔

سابق سٹی ناظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ صبح کشمیر جانا تھا مگر ٹکٹ منسوخ کرادیا، ابھی بریفنگ مل جاتی تو صبح احکامات جاری کرتا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ٹھیک ہو جائے گا یا پھر دبئی کی فلائٹ بھر بھر کر جارہی ہوں گی، کروڑوں روپے ماہانہ اور اربوں روپے سالانہ تنخواہوں کی مد میں دیےجارہے ہیں۔

واضح رہے کہ میئر کراچی وسیم اختر نے مصطفیٰ کمال کو پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج تعینات کردیا ہے۔ مصطفیٰ کمال رضاکارانہ خدمات انجام دیں گے۔

قبل ازیں پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ کراچی میرے حوالے کریں، تین ماہ میں شہر کو صاف کرکے دکھائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں