سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کے والد کو گزشتہ ہفتے میں 4 بار انجائنا کا اٹیک ہوا۔
کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ملاقات کی۔
مریم نواز نے کہاکہ نواز شریف کو انجائنا کا اٹیک ہوا، جس پر انہیں اسپرے دیا گیا،انہیں گزشتہ ہفتے میں 4 بار اس نوعیت کی تکلیف ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم کو اسپتال لے جایا گیا مگر علاج نہیں کیا گیا،نواز شریف کی صحت سے متعلق حکومتی رویہ حیران کن ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہاکہ تین بار ملک کا وزیراعظم رہنے والے نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تکلیف کا کسی کو بتائیں گے نہ ہی شکایت کریں گے۔
ان کا کہناتھاکہسابق وزیراعظم کی صحت اس قدر خراب ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہوسکتا ہے ،مجھے اور خاندان کے افراد کو نوازشریف کی صحت کی بہت فکر ہے۔