71

پاکستان کیلئے خطرہ بنے دہشتگرد گروپوں کو طالبان روکیں، اقوامِ متحدہ

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ طالبان پاکستان کے لیے خطرہ بننے والے دہشت گرد گروپوں کو روکیں۔
نیویارک میں پریس بریفنگ کے دوران انتونیو گوتریس نے کہا کہ ہم طالبان حکام کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں، طالبان پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کی اجازت نہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان حکومت میں تمام نسلی گروہوں کی شمولیت ضروری ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پاکستان کی حمایت کے لیے عالمی برادری کو متحرک کرنے کے لیے پُرعزم ہوں۔
اُن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دیکھا ہے کہ میرے اپنے ملک سے 3 گنا زیادہ علاقہ سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، وہاں سیلاب سے فصلوں، مویشیوں، گھروں کو اور جانی نقصان ہوا ہے، لہٰذا عالمی برادری کی بنیادی ذمے داری ہے کہ وہ پاکستان کی مدد کرے۔
انتونیو گوتریس کا مزید کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں میں پاکستان کا کردار بہت ہی کم ہے۔
انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ عالمی برادری 9 جنوری کو پیرس میں ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کی حمایت کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں