گزشتہ روز اس دُنیا سے کوچ کر جانے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے کہا ہے کہ خُدا نے مجھ سے میرے جینے کی وجہ چھین لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلیپ کمار کے ڈاکٹر نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ جب اُنہوں نے سائرہ بانو کو اُن کے شوہر کے انتقال کی خبر دی تو وہ زور زور سے رونے لگیں۔
ڈاکٹر کے مطابق اس افسوس ناک اور دل دہلا دینے والے موقع پر سائرہ بانو نے کہا کہ ’خُدا نے میری زندگی کی وجہ چھین لی۔‘
سائرہ بانو نے کہا کہ ’دلیپ کمار صاحب کے بغیر میں کسی بھی چیز کے بارے میں سوچنے کے قابل نہیں ہوں گی۔‘
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ’اس مشکل گھڑی میں سب اُن کے لیے دُعا کریں۔‘
یاد رہے کہ دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی محبت نے مثال قائم کی ہے، سائرہ بانو نے ہر حال میں اپنے شوہر کا ساتھ دیا اور کبھی اُنہیں تنہا نہیں چھوڑا۔
اب دلیپ کمار کے انتقال کے بعد سائرہ بانو تنہا ہوگئی ہیں جبکہ اُن کے لیے یہ وقت بہت مشکل ہے۔