خالصتان ریفرنڈم کے لیے 18 ستمبر سے کینیڈا میں ووٹنگ کا آغاز ہوگا، ریفرنڈم سکھ فار جسٹس کے زیر اہتمام برامپٹن میں منعقد کیا جا رہا ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ کینیڈا میں منعقد کیے جانے والے ریفرنڈم سے قبل سکھوں نے پانچ میل طویل کار ریلی نکال کر لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے۔
واضح رہے کہ خالصتان پر ریفرنڈم کا آغاز گزشتہ سال 31 اکتوبر کو لندن سے ہوا تھا جس کے بعد ریفرنڈم کے حوالے سے اٹلی اور سوئزر لینڈ میں بھی ووٹنگ ہو چکی ہے۔ اعداد و شمار کے تحت اب تک ہونے والے ریفرنڈم میں ساڑھے چار لاکھ سکھ حصہ لے چکے ہیں۔
خالصتان ریفرنڈم مہم میں سکھوں سے اس سوال کا جواب طلب کیا جاتا ہے کہ کیا ہندوستان کے زیر انتظام پنجاب کو ایک آزاد ملک ہونا چاہیے؟
سکھوں سے ریفرنڈم میں پوچھے جانے والے سوال کی بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اور بھارتی ذرائع ابلاغ کی جانب سے شدید مخالفت کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈین چارٹر آف فریڈمز اینڈ رائٹس تمام سیاسی آرا کے عدم تشدد کے اظہار کی حفاظت کرتا ہے جس میں ریفرنڈم کے ذریعے علیحدگی کا مطالبہ بھی شامل ہے۔
ٹورنٹو میں خالصتان ریفرنڈم ووٹنگ سینٹر کا نام ’ہرجیندر سنگھ پاہرا‘ کے نام پر رکھا گیا ہے جو جون 1984 میں ہندوستانی فوج کے حملے کے بعد خالصتان کے لیے اس وقت کی جاری مسلح جدوجہد میں حصہ لینے کے لیے کینیڈا سے ہندوستان واپس آئے تھے۔
73