توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ بشریٰ بی بی نے کہا کہ وہ عام قیدیوں کی طرح اپنی سزا جیل میں کاٹنا چاہتی ہیں، انہیں بنی گالا سب جیل میں نہ رکھا جائے۔
بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست کل سماعت کےلیے مقرر کر دی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب درخواست پر سماعت کریں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے کیسز کی سماعت کے لیے کاز لسٹ جاری کی ہے جس کے مطابق بشریٰ بی بی کی درخواست کو کل سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے، جس میں بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے سے متعلق انتظامیہ کا 31 جنوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ قانون کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں، دوسرے سیاسی ورکرز جیلوں میں عام قیدیوں کے ساتھ ہیں، کسی بھی عام قیدی کی طرح سزا اڈیالہ جیل میں کاٹنا چاہتی ہوں، بنی گالہ سب جیل میں منتقلی مساوی حقوق کے منافی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق 31 جنوری کو صبح 10 بجے سے لے کر رات 9 بجے تک اڈیالہ جیل میں انتظار کروانے کے بعد سب جیل منتقل کر دیا گیا، پوچھنے پر مجھے بتایا گیا بنی گالہ رہائش کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔
عدالت سے استدعا ہے کہ چیف کمشنر آفس اسلام آباد کا 31 جنوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔