244

پارلیمنٹیرین سید علی حیدر گیلانی اور چیئرپرسن سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سینیٹر بشریٰ انجم بٹ کا سندس فاؤنڈیشن لاہور کا دورہ

پارلیمانی لیڈر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین سید علی حیدر گیلانی اور چیئرپرسن سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سینیٹر بشریٰ انجم بٹ کا سندس فاؤنڈیشن لاہور کا دورہ

لاہور: پارلیمانی لیڈر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین سیدعلی حیدر گیلانی اور چیئرپرسن سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، سینیٹ آف پاکستان سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے سندس فاؤنڈیشن لاہور کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران معزز مہمانانِ گرامی نے زیرِ علاج بچوں کی عیادت کی، ان میں تحائف تقسیم کیے اور تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر خون کی بیماریوں سے متاثرہ مریضوں کے علاج و نگہداشت کے لیے فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

بانی و صدر سندس فاؤنڈیشن محمد یاسین خان، ڈائریکٹر سندس فاؤنڈیشن خالد عباس ڈار اور فاؤنڈیشن کی انتظامیہ نے دونوں رہنماؤں کی آمد پر خوش آمدید کہا۔ میڈیکل ڈائریکٹر سندس فاؤنڈیشن ڈاکٹر عدنان گیلانی نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج و معالجے کی سہولیات، جدید طبی مشینری اور بلڈ مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن ہر ماہ سینکڑوں مریضوں کو مفت خون اور علاج کی سہولت فراہم کر رہی ہے، جبکہ مریضوں کی دیکھ بھال کے تمام عالمی طبی معیاروں کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ مریضوں کی جینیاتی اسکریننگ اور روک تھام کے لیے بھی جدید تحقیقی پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔
دورے کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید علی حیدر گیلانی نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن انسانی خدمت کے میدان میں شاندار کردار ادا کر رہا ہے جس پر ادارہ خراجِ تحسین کا مستحق ہے۔ ہم پنجاب اور وفاق کی سطح پر تھیلیسیمیا سے متعلق قانون سازی پر کام کر رہے ہیں جس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا بھی بھرپور تعاون حاصل ہے۔ ہمارا مقصد اس بیماری کے علاج و تدارک کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ہے۔ قانون سازی میں نکاح سے قبل مرد کے میڈیکل ٹیسٹ کو لازمی قرار دینے سمیت ایسے تمام اقدامات شامل ہوں گے جو اس مرض کے پھیلاؤ کو نسل در نسل روکنے میں مددگار ثابت ہوں۔ ہماری کوشش ہے کہ اگر ہماری بدولت تھیلیسیمیا کا کوئی مریض ایک دن بھی زیادہ زندگی جی سکے تو ہم وہ تمام اقدامات ضرور کریں گے۔
اس موقع پر سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے کہا کہ یہ میرا سندس فاؤنڈیشن کا تیسرا دورہ ہے اور میں ادارے کی خدمات کو سراہتی ہوں۔ یہاں خون کی بیماریوں کے علاج کے لیے نہایت اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور صفائی ستھرائی کے اعلیٰ انتظامات دیکھ کر خوشی ہوئی، میں سندس فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔
بانی و صدر سندس فاؤنڈیشن نے اس موقع پر کہا کہ سندس فاؤنڈیشن گزشتہ چار دہائیوں سے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا بچوں کو مفت علاج، خون کی فراہمی، نگہداشت اور امیدِ زندگی فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔ ادارے کی خدمات کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور مختلف طبقاتِ فکر کی شخصیات اپنی موجودگی اور تعاون کے ذریعے اس مشن کو مزید مضبوط بنا رہی ہیں۔
بانی و صدر محمد یاسین خان نے معزز مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈزبھی پیش کیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں