تین روزہ بین الاقوامی نمائش اور کانفرنس ” بِلڈ پاکستان 2025 – لیٹس بِلڈ ٹوگیدر” شاندار کامیابی کے ساتھ ایکسپو سینٹر لاہور میں اختتام پذیر ہوگئی۔ ایونٹ میں تعمیرات، انفراسٹرکچر اور شہری ترقی کے شعبوں سے وابستہ ملکی و بین الاقوامی ماہرین اور اداروں نے بھرپور شرکت کی۔ نمائش فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے زیرِ اہتمام وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے تعاون سے منعقد ہوئی۔ نمائش کا افتتاح وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ، میاں ریاض حسین پیرزارہ نے کیا، جس میں 100 سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے جدید ٹیکنالوجیز، پائیدار حل اور تعمیراتی شعبے کی جدتوں کی نمائش کی۔ تین روزہ ایونٹ کے دوران مختلف مفاہمتی معاہدوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے جن کا مقصد اسمارٹ ہاؤسنگ، گرین بلڈنگ مٹیریل، قابلِ تجدید توانائی اور تعمیراتی ٹیکنالوجی کے تبادلے میں تعاون کو فروغ دینا تھا۔
فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلیم خان تنولی نے ایونٹ کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ”بِلڈ پاکستان 2025 تعمیراتی صنعت کے پائیدار مستقبل کے لیے مشترکہ مقصد کی عکاسی کرتا ہے۔ یہاں ہونے والے معاہدے اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم پاکستان کے تعمیراتی شعبے کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے اور ترقی و جدت کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔”
بِلڈ پاکستان کانفرنس میں ماہرین نے سستے رہائشی منصوبوں، اسمارٹ شہروں، گرین کنسٹرکشن اور انفراسٹرکچر پر تفصیلی گفتگو کی، جو قومی ماحولیاتی تبدیلی کی پالیسی اور اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے مطابق ہے۔ ایونٹ میں غیر معمولی شرکت اور اعلیٰ سطحی مشاورت نے پاکستان کو اسمارٹ، سبز اور جامع شہری ترقی کے ایک ابھرتے ہوئے مرکز کے طور پر اجاگر کیا