سی ای او سی بی ڈی پنجاب، عمران امین نے اتھارٹی کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کام کی رفتار، معیار اور تعمیراتی پیشرفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ریاض حسین، ڈائریکٹر کنسٹرکشن آصف بابر، ڈائریکٹر پروجیکٹ مینجمنٹ آصف اقبال، ڈائریکٹر انجینئرنگ عمر حیات، پروجیکٹ مینیجر این ایس آئی ٹی یاسر سیف اللہ سمیت نیسپاک اور کنٹریکٹرز کے نمائندوں نے شرکت کی اور منصوبوں کے مختلف پہلوؤں پر جامع بریفنگ دی۔
سی ای او سی بی ڈی پنجاب کو ‘سی بی ڈی واک’ پر جاری کام کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہاں کھدائی اور بنیادوں کا کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ تمام 32 یونٹس کی ‘رافٹ فاؤنڈیشن’ بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ ریٹیننگ وال کی شٹرنگ کا کام حتمی مراحل میں ہے اور کنکریٹ کی بھرائی جاری ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے کہا کہ
“تمام منصوبے شفاف منصوبہ بندی اور اعلیٰ معیار کے سخت اصولوں کے مطابق پیشرفت کر رہے ہیں۔ ہم پنجاب کو جدید ترین انفراسٹرکچر فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ جدید شہری ترقی کے ذریعے معاشی خوشحالی کی راہ ہموار ہو سکے۔”
بعد ازاں، عمران امین نے ‘سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے سڑکوں پر جاری اسفالٹ کے کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار، کام کی رفتار اور حفاظتی اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
سی بی ڈی پنجاب بین الاقوامی معیار کے مطابق پائیدار اور بروقت ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے پنجاب کے شہری ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کوشاں ہے۔