15

’’ وزیراعظم اپنا گھر ا سکیم ‘‘کا باقاعدہ اجراء،عام آدمی کو چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے – شہبازشریف

وزیراعظم محمد شہبازشریف نےملک کے غریب و متوسط طبقے کو اپنی چھت کے حصول کے لئے ’’ وزیراعظم اپنا گھر ا سکیم ‘‘کا باقاعدہ اجراء کر دیا ہے،یہ اجراءوزیر اعظم آفس میں منعقدہ تقریب میں کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عام آدمی کو چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، اسکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کا قرض آسان شرائط پر دستیاب ہو گا ، پہلے سال 50ہزار گھروں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ،آئندہ چار برسوں میں ہدف 5 لاکھ گھروں کا ہو گا ، 10 مرلے تک گھر تعمیر کئے جاسکیں گے اور اس کے لئے فنانسنگ کا حجم 3.2کھر ب روپے ہو گا ،قرضے کی واپسی کی مدت 20سال ہو گی پہلے 10سال مارک اپ 5فیصد اور اگلے 10سال مارک اپ مارکیٹ کی شرح کے مطابق ہو گا ،ا سکیم کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آبادسمیت چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی ہو گا، تعمیراتی شعبے سے معیشت کا پہیہ چلتا ہے حکومت برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ،سکیم پر عملدرآمد کا ہر مہینے خود جائزہ لوں گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے اپنا گھر سکیم کے تحت قرض حاصل کرنے والے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہاکہ’’ وزیراعظم اپنا گھر سکیم ‘‘کے اجرا کی تقریب میں شرکت میرےلئے باعث مسرت ہے ، عوام کو اپنا گھر فراہم کرنا کسی بھی حکومت اور ریاست کا بنیادی اور مقدس فریضہ ہے ، پاکستان کی 24کروڑ آبادی میں سے بڑی تعداد اپنی چھت سے محروم ہے ، اس حوالے سے آج کی یہ تقریب انتہائی یادگار ہے ، اس سکیم کے اجراءکے لئے بہت زیادہ محنت کی گئی ہے اور بہت سے مسائل درپیش تھے لیکن انہیں نجی شعبے کی مشاورت اور دیگر متعلقہ افراد اور حکام کے تعاون سے حل کیا گیا ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ ایک نوجوان ڈرائیور غلام حسین کو بھی اللہ تعالیٰ نے اپنا گھر بنانے کا موقع فراہم کیا ہے اور اسے قرض ملا ہے ، چیک حاصل کرنے والوں میں آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے لوگ بھی شامل ہیں ، اس سکیم کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی ہو گا۔وزیراعظم نے کہا کہ’’ گھر ہو تو اپنا ‘‘اس سکیم کا تسلسل ہے جس کا میں نے پنجاب سے آغاز کیا تھا اور اس کا نام آشیانہ رکھا گیا تھا اوراس کا موثر آغاز کیا گیا تھا اور مختلف مقامات پر خود اس سکیم کا سنگ بنیاد رکھا اور چابیاں لوگوں کے حوالے کیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ اس سکیم کے تحت پہلے سال 50ہزار گھروں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لئے 321ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ، بھر پور تعاون اور معاونت پروفاقی وزیر خزانہ، وفاقی وزیرہائوسنگ اور گورنر سٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔آئندہ چار برسوں میں ہمارا ہدف 5 لاکھ گھروں کا ہو گا ۔سکیم کے تحت 10 مرلے تک گھر تعمیر کئے جاسکیں گے اور اس کے لئے فنانسنگ کا حجم 3.2کھر ب روپے ہو گا ۔وزیراعظم نے کہاکہ وہ ہر مہینے اس سکیم کا جائزہ لیں گے تاکہ اگرکسی قسم کی کوئی رکاوٹ ہو تو اسے دور کیا جائے اور ادائیگیاں بروقت ہوں، وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے تحت قرض کے حصول کا طریقہ کار آسان بنایا گیا ہے ۔قرضے کی واپسی کی مدت 20سال ہو گی پہلے 10سال مارک اپ 5فیصد اور اگلے 10سال مارکیٹ کی شرح کے مطابق ہو گا ، ایک کروڑ روپےتک قرضہ لیا جاسکے گا ،زیادہ قرضہ فراہم کرنے والے بینکوں کو 14اگست کوقومی ایوارڈ دیا جائے گا اور جو بینک اس میں کوتاہی کا مظاہرہ کریں گے ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہو گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں