پی ایس ایل کے چوتھے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 126 رنز کا ہدف دیا ہے جو سلطانز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا۔
دبئی میں کھیلےگئے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے چوتھے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 126 رنز کا ہدف دیا جس کا کامیابی سے تعاقب کرتے ہوئے سلطانز نے میدان مار لیا، کپتان شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 31 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، شان مسعود 26، اینڈرے رسل اور شاہد آفریدی 16،16 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 2، وقاص مقصود اور محمد سمیع نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ملتان سلطانز کی یہ ایونٹ میں پہلی کامیابی ہے، گزشتہ روز کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو شکست سے دوچار کیا تھا۔
دبئی میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے چوتھے میچ کا ٹاس ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی اور رضوان حسین نے اننگز کا آغاز کیا، محمد عرفان نے 25 رنز کے مجموعی اسکور پر رضوان کو پویلین واپس بھیجا اور اگلے ہی اوور میں علی شیفق نے کیمرون ڈیلپورٹ کو آؤٹ کردیا۔