80

صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کی منظوری سے گلگت بلتستان میں 14 امیدواروں کو ٹکٹ جاری

گلگت۔-گلگت بلتستان کے عام انتخابات کیلئے استحکام پاکستان پارٹی نے اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیے ہیں۔ صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کی منظوری کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی کے 14 حلقوں کیلئے امیدواروں کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔مرکزی جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود اور صوبائی صدر رانا نذیر احمد خان نے امیدواروں میں پارٹی ٹکٹ تقسیم کئے۔

پارٹی قیادت کے مطابق گلگت، سکردو، دیامر، غذر، استور اور ہنزہ سمیت مختلف اضلاع سے مضبوط اور متحرک امیدوار میدان میں اتارے گئے ہیں۔آئی پی پی کی جانب سے جی بی اے 1 گلگت ون کیلئے مولانا سلطان رئیس، جی بی اے 2 گلگت ٹو کیلئے فتح اللہ خان، جی بی اے 3 گلگت تھری کیلئے کیپٹن(ر) محمد شفیع خان اور جی بی اے 6 ہنزہ کیلئے ایمان شاہ کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ اسی طرح جی بی اے 7 سکردو ون سے راجہ جلال حسین خان جبکہ جی بی اے 14 استور ٹو سے شمس الحق لون کو استحکام پاکستان پارٹی کا ٹکٹ جاری کیا گیاہے۔دیامر کے حلقوں میں جی بی اے 15 دیامر ون سے حاجی شاہ بیگ، جی بی اے 16 دیامر ٹو سے ایڈووکیٹ عتیق اللہ اور جی بی اے 18 دیامر فور سے حاجی گلبر خان کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ غذر کے حلقوں میں جی بی اے 19 غذر ون سے عاطف سلمان، جی بی اے 20 غذر ٹو سے خان اکبر خان اور جی بی اے 21 غذر تھری سے جمیلہ خاتون کو پارٹی ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں جی بی اے 10 روندو سے محمد خان وزیر اور جی بی اے 22 سے رضا الحق کو بھی آئی پی پی کا امیدوار نامزد کر دیا گیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ا سلامی تحریک پاکستان اور استحکام پاکستان پارٹی کے مابین گلگت بلتستان کے عام انتخابات کیلئے مختلف نشستوں پر انتخابی اتحاد بھی قائم کیا جا رہا ہے جس کے تحت دونوں جماعتیں مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ انتخابی عمل میں حصہ لیں گی۔پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں نے صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی خوشحالی، علاقائی ترقی اور بہتر طرز حکمرانی کو منشور کا حصہ بنا کر بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔ امیدواروں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیوں کے خاتمے، سیاحت، انفراسٹرکچر، تعلیم اور روزگار کے مواقع میں اضافے کیلئے آئی پی پی مثبت اور عملی کردار ادا کرے گی۔
٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں