افواج پاکستان نے عام انتخابات کے پر امن اور تشدد سے پاک انعقاد پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
افواج پاکستان کے شبعہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کو الیکشن عمل میں سیکیورٹی کی فراہمی میں کلیدی کردار پر فخر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مل کر ذمہ داریاں ادا کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے آئین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔ ایک لاکھ 37 ہزار جوان تقریباً 6 ہزار حساس پولنگ اسٹیشنز پر تعینات تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 7 ہزار 800 جوان کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تعینات تھے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ عوام کےلیے محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا، کے پی، بلوچستان میں 51 دہشتگرد حملوں کا مقصد الیکشن عمل کو سبوتاژ کرنا تھا، ان حملوں میں 10 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد شہید، 39 زخمی ہوئے۔ متعدد آپریشنز میں 5 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
افواج پاکستان کے شبعہ تعلقات عامہ کے مطابق فوجی جوانوں نے موثر طریقے سے ملک بھر میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا، موثر انٹیلیجنس اور فوری کارروائیوں میں دہشتگردی کے متعدد شدید خطرات کو ناکام بنایا، یہ اپنے شہریوں کے جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی ایجنسیوں کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جمہوری عمل کے تحفظ کےلیے مسلح افواج سے مل کر کام کرنے پر قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے شکر گزار ہیں، ہمیں پوری امید ہے کہ ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔