معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کے 44 بلین ڈالر کی ٹوئٹر ڈیل سے دستبردار ہونے پر ٹوئٹر نے مقدمہ درج کروادیا ہے، جس پر ایلون مسک نےطنزیہ ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
ایلون مسک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے خلاف ٹوئٹر کی جانب سے مقدمہ درج ہونے پر طنزیہ ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ’اوہ، ستم ظریفی‘۔
اگرچہ ٹوئٹ میں مقدمے کا ذکر نہیں کیا گیا لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ اس کا حوالہ دے رہے ہیں کیونکہ ٹوئٹر ابتدائی طور پر معاہدے سے متفق نہیں تھا۔
خیال رہے کہ امریکی ریاست ڈیلاویئر کی عدالت میں ٹوئٹر کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے میں کہا گیا ہے کہ عدالت ایلون مسک کو 54.20 ڈالر فی شیئر میں کمپنی خریدنے کے معاہدے کی پاسداری کا حکم دے۔
کمپنی کی جانب سے دنیا کے ارب پتی آدمی پر معاہدے کی خلاف ورزی اور منافقانہ روّیہ اپنانے کا الزام لگایا گیا ہے۔