پاکستان شوبز انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ رابعہ کلثوم نے حالیہ انٹرویو میں اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ بنائی گئی ڈانس ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ہٹانے کی وجہ بتا دی۔
رابعہ کلثوم ایک بہترین اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھی ڈانسر بھی ہیں، وہ اپنے یوٹیوب چینل پر اکثر اداکارہ سرحا اصغر کے ساتھ ڈانس ویڈیوز اپ لوڈ کرتی رہتی ہیں۔
تاہم کچھ عرصہ قبل انہوں نے اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ ایک ڈانس ویڈیو ریکارڈ کرکے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کی تھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی ، تاہم ان دونوں نے اسے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ہٹا دیا۔
اب حال ہی میں رابعہ کلثوم نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے جاری ڈراموں کے بارے میں بات کی اور ہانیہ عامر کے ساتھ بنائی گئی ڈانس ویڈیو سوشل میڈیا سے ہٹانے کی وجہ بتائی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ہماری ڈانس ویڈیو کی وجہ سے بہت بڑا مسئلہ پیدا ہوا، لوگوں نے ہماری ڈانس ویڈیو پر کافی تنقید کی لیکن مجھے نہیں پتا کہ ایسا کیوں ہوا؟ مگر مجھے لگتا ہے اگر کسی بھی مواد سے کسی کے بھی جذبات مجروح ہوتے ہیں تو وہ کام نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ مذہبی مواد کی وجہ سے مسئلہ بنا اور تھوڑا سا متنازع ہو گیا۔ ایسی چیزیں بہت خطرناک ہو جاتی ہیں اس لیے ہم دونوں نے اسے اپنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس سے ہٹا دیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کو بہت سی چیزوں کے بارے میں زیادہ تحمل اور صبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
99