161

کراچی پورٹ ٹرسٹ کے وفد کا سی بی ڈی پنجاب کا دورہ، سرمایہ کاری اور ترقیاتی اشتراک پر تبادلہ خیال

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی)کے اعلیٰ سطحی وفد نے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی پنجاب) کا دورہ کیا جہاں مشترکہ مواقع، سرمایہ کاری کے امکانات اور شہری ترقی و انفراسٹرکچر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد کی قیادت کے پی ٹی بورڈ کے ٹرسٹی فہیم الرحمٰن سہگل نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ جنرل منیجر ایڈمنسٹریشن بریگیڈیئر (ر) یونس، جنرل منیجر اسٹیٹ مینجمنٹ عاطف نائیک، اورسیکریٹری قاسم کھوکھرشامل تھے۔ وفد کی آمد پر سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین، سی او او بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ریاض حسین، ڈائریکٹر بزنس ڈیویلپمنٹ علی وقار شاہ، ڈائریکٹر آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ سمیر آفتاب سیال اور دیگر سینئر افسران نے وفد کاخیرمقدم کیا۔

دورے کا آغاز ایک تفصیلی بریفنگ سے ہوا، جس میں سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے سی بی ڈی پنجاب کے وژن، دائرہ کار اور عملی ڈھانچے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ سی بی ڈی پنجاب ایک خودمختار ادارہ ہے جو حکومت پنجاب کے تحت کام کرتا ہے اور اس کا مقصد پائیدار انفراسٹرکچر، سرمایہ کاروں کی سہولت کاری اور اقتصادی ترقی کے ذریعے شہری ترقی میں انقلاب لانا ہے۔

اس موقع پرسی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین کی جانب سے سی بی ڈی پنجاب کا ”ون ونڈو آپریشن” ماڈل بھی دکھایا گیاجو کاروباری آسانیوں کو یقینی بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ سی ای او نے بتایا کہ یہ اتھارٹی مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ایک ثقافتی طور پر ہم آہنگ، کاروبار دوست اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ڈائریکٹر بزنس ڈیولپمنٹ و انویسٹر ریلیشنز علی وقار شاہ نے سی بی ڈی پنجاب کے آغاز سے لے کر اب تک کی کامیابیوں پر مشتمل ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی، جس میں بڑے سرمایہ کاری کے مواقع اور جاری منصوبوں کو اجاگر کیا گیا، جو پنجاب کی معیشت اور شہری طرزِ تعمیر میں انقلابی کردار ادا کر رہے ہیں۔

کے پی ٹی کے وفد نے سی بی ڈی پنجاب کے شفاف، مؤثر اور جدید بزنس ماڈل کو سراہا۔ مہمانوں نے خاص طور پر ”ون ونڈو” سہولت کے نظام کی تعریف کرتے ہوئے اسے سرمایہ کاروں کی مشکلات کم کرنے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا۔

اس موقع پر سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے کہاکہ “سی بی ڈی پنجاب حکومت پنجاب کی نگرانی میں ایک خوش آئند ماحول، ثقافتی تنوع، کاروباری آسانی، پرکشش سرمایہ کاری کے محفوظ مواقعوں سے مزین پلیٹ فارم فراکرتا ہے، جو انڈسٹری کے بہترین ماہرین کی ٹیم کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ ہمیں کے پی ٹی وفد کوسی بی ڈی پنجاب کے دورے پر خوش آمدید کہتے ہیں، ان کے مثبت تاثرات ہمارے ترقیاتی ماڈل کے لیے باعثِ حوصلہ افزائی ہیں۔ یہ ہمارے عزم کی تصدیق ہے کہ ہم پاکستان میں شہری ترقی اور سرمایہ کاری کی سہولت کے نئے معیار قائم کر رہے ہیں۔”

کے پی ٹی بورڈ کے ٹرسٹی فہیم الرحمٰن سہگل نے اپنےخیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا”سی بی ڈی پنجاب کا بزنس ماڈل پاکستان میں سب سے مؤثر اور سرمایہ کار دوست ماڈلز میں سے ایک ہے۔ اس کا مربوط ’ون ونڈو‘ نظام رکاوٹوں کو کم کرتا ہے اور منصوبوں کی بروقت اور آسان تکمیل کو ممکن بناتا ہے۔ یہ شہری ترقی کا ایک مثالی نمونہ ہے۔”

وفد نے کے پی ٹی کے جاری اور آئندہ منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی اور باہمی منصوبوں اور علم کی شراکت کے امکانات پر دلچسپی کا اظہار کیا تاکہ عوامی انفراسٹرکچر اور بندرگاہ سے متعلق ترقی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

وفد کو سی بی ڈی پنجاب کے اہم منصوبوں، جن میں قائد ڈسٹرکٹ، سی بی ڈی باب ڈسٹرکٹ اور سی بی ڈی روٹ 47 کا دورہ بھی کروایا گیا۔اس موقع پر وفد نے سائٹس پرجاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، جس سے سی بی ڈی پنجاب کی تیز رفتار پیشرفت اور حکمت عملی کا اندازہ ہوا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں