بھارتی تحقیقاتی ادارے سینٹرل بیورو آف انویسٹیگیشن (سی بی آئی) کی جانب سے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات کیس میں گرفتار کرنے والے افسر سمیر وانکھیڑے کے خلاف کرپشن کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شاہ رُخ خان کے بیٹے آریان خان کے خلاف بننے والے کیس ’ڈرگ آن کروز کیس‘ کے دوران سی بی آئی افسر سمیر وانکھیڑے کی جانب سے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور 50 لاکھ روپے وصول کیے گئے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سمیر وانکھیڑے پر این سی بی (اینٹی نارکوٹکس بیورو) کے ایک افسر نے آریان خان ڈرگز کیس میں 8 کروڑ روپے رشوت لینے کا الزام لگایا تھا جس کے بعد سی بی آئی کی جانب سے آئی آر ایس (انڈین ریونیو سروس) افسر سمیر وانکھیڑے کے خلاف بدعنوانی کا مقدمہ درج کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سمیر وانکھیڑے کی ممبئی، اندھیری میں واقع رہائش گاہ سمیت پولیس دہلی، رانچی اور کانپور میں 29 مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔
واضح رہے کہ سال 2021ء میں این سی بی ممبئی زون کے سربراہ کے طور پر سمیر وانکھیڑے اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو گرفتار کرنے کے بعد تنازعات میں الجھ گئے تھے۔
یاد رہے کہ 2 اکتوبر 2021ء کو آریان خان اور کئی دیگر افراد کو NCB نے منشیات رکھنے، استعمال کرنے اور اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
آریان خان کو 28 اکتوبر 2021ء کو ممبئی ہائیکورٹ کی جانب سے آریان خان کے خلاف ناکافی شواہد کی بنیاد پرضمانت دے دی گئی تھی۔
ممبئی ہائیکورٹ نے اس کیس کو بڑی سازش قرار دیتے ہوئے این سی بی کے دعووں کو مسترد کر دیا تھا۔
193