بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو 200 کروڑ کی منی لانڈرنگ کیس میں ملوث ملزم، مبینہ بوائے فرینڈ سکیش چندر شیکھر کی طرف سے ایک اور محبت بھرا خط موصول ہوا ہے۔
اس خط میں سکیش چندر شیکھر نےجیکولین فرنینڈس کے لیے اپنی محبت کا اظہار کیا اور حال ہی میں ہونے والے ایک ایوارڈ شو میں اداکارہ کی پرفارمنس کی تعریف بھی کی ہے۔
سکیش چندر نے خط میں لکھا کہ’میری پیاری جیکولین، میں نے 28 اپریل کو فلم فیئر ایوارڈز دیکھے، مجھے اعتراف کرنا چاہیئے کہ آپ کی پرفارمنس شاندار تھی‘۔
اس نے لکھا کہ’پورے شو میں آپ کی ڈانس پرفارمنس سب سے بہترین رہی، آپ بہت خوبصورت، بہترین اور سپر ہٹ تھیں، آپ نے مجھے اپنی محبت میں اور بھی زیادہ پاگل کردیا ہے، میرے پاس اپنے جذبات کو بیان کرنے کے لیے مزید الفاظ نہیں ہیں‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ’میری ملکہ، میں خوش قسمت ہوں کہ آپ میری زندگی میں ہیں اور میری زندگی کا ہر سیکنڈ صرف آپ کا ہے‘۔
سکیش چندر نے لکھا کہ’میں آپ کو بہت زیادہ یاد کر رہا ہوں اور میرے پاس آپ کی سالگرہ پر ایک زبردست سرپرائز ہے، مجھے امید ہے آپ کو پسند آئے گا، میں اپنا وعدہ پورا کر رہا ہوں کیونکہ میں مزید انتظار نہیں کرسکتا!‘
اس نے لکھا کہ’میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ آپ ہمیشہ مسکراتی رہیں اور اسی لیے میں حاضر ہوں، آپ بالکل بھی فکر نہ کریں‘۔
اس سے قبل سکیش چندر ایسٹر اور ویلنٹائن ڈے پر بھی اداکارہ کو خط بھیج چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سکیش چندر شیکھر اور بھارتی اداکارہ پر 200 کروڑ سے زائد انڈین روپے کی منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں۔
102