عالمی شہرت یافتہ بھارتی گلوکار، موسیقار، ریکارڈ پروڈیوسر، گیت نگار اور میوزک کمپوزر اے آر رحمان کا پونے میں ہونے والا لائیو کنسرٹ پولیس نے اتوار کو اس وقت روک دیا جب اے آر رحمان خود اسٹیج پر موجود تھے۔
اس حوالے سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس وینیو پر پہنچنے کے بعد اسٹیج پر جا کر شو کو روکنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
اس واقعے کے بعد پونے پولیس نے ایک وضاحتی بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اے آر رحمان نے شو کے رات دس بجے تک کی ڈیڈ لائن کو کراس کیا، جبکہ یہ پروگرام دس بجے تک ختم کیا جانا چاہیے تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ جب پولیس اسٹیج پر پہنچی تو اے آر رحمان اپنی ہٹ ٹریک چھیا چھیا پر پرفارم کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ اس کنسرٹ کا وقت رات آٹھ سے دس بجے تک کا تھا۔ پونے پولیس کے ڈی سی پی زون ٹو سمرتنا پٹیل کے مطابق اے آر رحمان آخری گیت گاتے ہوئے اندازہ نہیں لگاسکے کہ مقررہ وقت دس بج چکے ہیں، لہٰذا کنسرٹ جاری تھا جس پر پولیس نے وینیو پر پہنچ کر انہیں بتایا کہ عدالتی احکامات کے مطابق وقت کی پابندی کی جائے، جس پر انہوں نے کنسرٹ کو ختم کر دیا۔
تاہم اے آر رحمان نے آج پونے کنسرٹ کی تصاویر ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنے پرستاروں سے وعدہ کیا کہ وہ جلد واپس آئینگے۔
انہوں نے تحریر کیا کہ پونے کے باسیوں گزشتہ شب آپکی محبتوں، جوش وجذبے اور خوشیوں کا شکریہ۔ جلد دوبارہ واپس آکر آپکے لیے گیت گاؤنگا۔
83