کراچی: کالا دھن چھپانے والوں کی بانڈز میں سرمایہ کاری بڑھ گئی، ایک سال کے دوران پرائز بانڈز میں ہونے والی سرمایہ کاری میں 134 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
ٹیکس چوروں اور کالا دھن رکھنے والوں کے خلاف حکومت نے گھیرا تنگ کرنا شروع کیا تو کئی افراد پرائز بانڈز خریدنے لگے، اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران پرائز بانڈز میں سرمایہ کاری 134 ارب روپے اضافے سے 922 ارب روپے تک پہنچ گئی جو دسمبر 2017 میں 788 ارب روپے تھی۔
ایک سال میں 40 ہزار کے بانڈز میں سرمایہ کاری 34 ارب روپے اضافے سے 259 ارب روپے، 25 ہزار والے پرائز بانڈز میں سرمایہ کاری 22 ارب روپے اضافے سے 156 ارب روپے، 15 ہزار کے پرائز بانڈز پر سرمایہ کاری 28 ارب روپے اضافے سے 168 ارب روپے، اور ساڑھے 7 ہزار روپے والے پرائز بانڈز میں سرمایہ کاری 21 ارب روپے اضافے سے 96 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق کالا دھن آسانی سے بانڈز کی خریداری میں استعمال ہوجاتا ہے اسی لئے سخت حکومتی اقدامات کے باعث کئی افراد بانڈز کی خریداری میں رقم لگا رہے ہیں۔