وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت 80 لاکھ سے زائد کشمیریوں پر ظلم کررہا ہے۔
اسلام آباد میں خارجہ پالیسی سے متعلق سمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت 80 لاکھ سے زائد کشمیریوں پر ظلم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن و ترقی کے لیے مسئلہ کشمیر کا مذاکرات کے ذریعے مستقل حل چاہتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کی وجہ سےتنہائی سے نکل آیا ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی اندرونی اور بیرونی معاملات کو مد نظر رکھ کر تشکیل دی ہے۔ وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ ہمسایوں سے اچھے اور پُرامن تعلقات ہماری ترجیح ہے جبکہ پا کستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جرائم پر پاکستانی موقف تنہا نہیں ہے، عالمی ادارے اور بین الاقوامی میڈیا سراپا احتجاج ہے۔
اقوام متحدہ، برطانوی پارلیمنٹ، یورپی یونین، ہیومن رائٹس واچ، او آئی سی، ایمنسٹی انٹرنیشنل، بی بی سی، نیویارک ٹائمز، واشنگٹن پوسٹ سب نے کشمیر میں بھارت کے انسانیت سوز اقدامات کی مذمت کی ہے۔
مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کو دھوکا دیا۔ بھارت سے اُٹھنے والی باشعور آوازوں کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔
آج دنیا وزیراعظم عمران خان کی دانشمندی کی قائل ہوگئی ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل طاقت کے ذریعے ممکن نہیں، مذاکرات اور مفاہمت ہی واحد راستہ ہے۔