180

پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کیخلاف درخواست مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست مسترد کردی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے سابق رکن قومی اسمبلی میاں اسلم کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے 7 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت آئل مارکیٹگ کمپنیوں کے کیس میں بھی ایک فیصلہ دے چکی ہے، اس درخواست پر کارروائی عدالت کا اختیار سے تجاوز ہوگا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا معاملہ ایگزیکٹو کا اختیار ہے، عدالت سمجھتی ہے کہ منتخب نمائندے عوام کی مشکلات کو نظرانداز نہیں کریں گے۔

ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ کوئی بھی حکومت اپنی عوام پر جان بوجھ کر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کرے گی، ہمیں اپنے منتخب کردہ نمائندوں پر اعتماد کرنا چاہیے۔

فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ معاملے میں مداخلت حکومت کی معیشت سدھارنے کی پالیسیوں کے لیے صحیح نہیں ہوگی، یہ فرض نہیں کیا جاسکتا کہ بنیادی ضروریات کی اشیا کی مناسب داموں فراہمی کی حکومت کوشش نہیں کرے گی۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ قیمتیں معاشی حالات اور مارکیٹ دیکھ کر طےکی جاتی ہیں، عوامی نمائندے عوام کے سامنے جواب دہ ہوتے ہیں، جو کبھی بھی بلاجواز قیمتیں بڑھاکر عوام کی ناراضگی مول نہیں لینا چاہیں گے۔

درخواست گزار کے تحفظات انتظامیہ کے دائرہ کار میں آتے ہیں، ان وجوہات کی بنا پر عدالت درخواست مسترد کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں