پاکستان کی معروف میزبان اداکارہ و ماڈل انوشے اشرف نے پیٹرول کی قیمتوں میں متوقع کمی پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر کڑی تنقید کی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر انوشے اشرف نے کہا کہ ’’پہلے 400 فیصد قیمتیں بڑھائیں اور پھر عوام کو خوش کرنے کے لیے 20 فیصد کم کر دیں‘‘۔
دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہونے کے بعد حکومت کو فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے کی کمی کرنی چاہیے۔ جبکہ تحریک انصاف کے رہنما آفتاب جہانگیر کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 75 روپے فی لیٹر کمی ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ اس حوالے سے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری تیار ہوگئی ہے وقت اور قیمت کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کی خبروں کی وجہ سے ڈیلروں نے خریداری کم کردی ہے، اس لیے کوشش ہے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہی کردیں۔