لاہور(ٹیوٹر شوبز) عبداللہ کادوانی اور اسدقریشی کی بے مثال جوڑی کی سربراہی میں 7th Sky انٹرٹینمنٹ، پاکستان کی میڈیا انڈسٹری کا نمایاں ترین نام بن چکا ہے جو اب ایک طاقتور عورت اور اس کے تاریک ماضی کی کہانی ‘ڈور’ پیش کررہا ہے جس میں اظفر رحمن خان، حنا الطاف اور علی عباس مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔
ڈورکی کہانی ایک بااثر اور حاکمانہ مزاج کی عورت مسز احتشام اور اس کے دو بچوں ابنان اور رومان کے گرد گھومتی ہے۔ مسز احتشام کا ماضی تاریک تھا اور وہ اسے ہرایک چھپانے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔تاہم جب رومان، نچلی متوسط فیملی سے تعلق رکھنے والی ایک دوشیزہ اسماء کی محبت میں گرفتار ہوجاتا ہے تو مسز احتشام کو اس سے خطرہ محسوس ہوتاہے۔
چنانچہ مسز احتشام اسماء کی زندگی کو حددرجہ مشکل بنانے کا فیصلہ کرتی ہے۔آگے کیا ہوگا؛ یہ ایک سوال ہے کہ کیا اسماء اپنی ساس کے ماضی سے پردہ اٹھاسکے گی اور اس کے خلاف کھڑے ہوکر رومان کی فیملی کی حقیقت کو دنیا کے سامنے پیش کرے گی؟
‘ڈور’ کے ہدایتکار مظہر معین ہیں اور اسے ساجی گل نے تحریر کیا ہے جبکہ یہ کہانی عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی نے پروڈیوس کی ہے۔ کاسٹ میں ثانیہ سعید، عفت عمر، سلیم معراج، فضیلہ قاضی، نیّر اعجاز، عدیلہ خان، حارث وحید اور دیگر فنکار شامل ہیں۔ یہ ڈرامہ منگل 29جون سے جیو ٹی وی پر پیش کیا جائے گا۔