“ستھرا پنجاب” صرف دعویٰ رہ گیا — فیض واہ گندگی کا ڈھیر بن گیا، ضلعی انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ خوابِ غفلت میں
وہاڑی (نامہ نگار) — وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی جانب سے “ستھرا پنجاب” کے خوبصورت وعدے عملی میدان میں دم توڑنے لگے۔ موضع فیض واہ میں صفائی کے ناقص انتظامات نے حکومتی دعووں کی قلعی کھول دی۔ گلیوں، چوکوں اور رہائشی علاقوں میں گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں، جس سے تعفن اور بیماریوں کا خطرناک پھیلاؤ جاری ہے۔
علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ اپنی اصل ذمہ داریوں سے غافل ہو چکا ہے اور صرف چند بااثر افراد کی خدمت تک محدود ہو گیا ہے۔ صفائی کرنے والے اہلکار مخصوص بستیوں تک محدود رہتے ہیں، جبکہ باقی علاقہ گندگی، کچرے اور بدبو کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ علاقہ کی عوام نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو فیض واہ میں وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ پر عائد ہو گی